حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ملی یکجہتی کونسل اور مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام عظیم الشان عشق پیغمبر اعظم مرکز وحدت مسلمین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام و مشائخ عظام نے خطاب کیا جبکہ ہزاروں عاشقان رسول اکرم (ص) مرد و خواتین شریک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق وحدت کانفرنس کے موقع شیعہ سنی وحدت اور اتحاد کے عظیم الشان مناظر دیکھنے میں آئے۔ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ملک کے جید علماء کرام اور مشائخ عظام نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر ملی و مذہبی وحدت اور بھائی چارہ کا عملی مظاہرہ کیا۔
چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس نے شرکاء کانفرنس سے خطاب کرتے کہا: وحدت مسلمین موجودہ وقت کی ضرورت ہے، امام خمینی (رہ) نے ہفتہ وحدت قرآنی حکمت عملی کے تحت منانے کا اعلان کر کے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے مزید کہا: اسلام دشمن دہشتگرد سن لیں وہ ہمارے دلوں سے عشق رسول و اہلبیت (ع) کو نہیں نکال سکتے،نبی کریم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ ہمارے لیے نمونہ حیات ہے،ہم متحد ہو کر ہی اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا: دشمن نے ہمیں فرقوں میں تقسیم کر دیا ہے، پہلے دشمن سے لڑنا ہوگا، دشمن ہماری دہلیز تک پہنچ گیا ہے ، مگر میڈیا خاموش اور چپ ہے، یہاں جنازہ اٹھانا ایک روٹین کی بات بن گئی ہے، ہمارے وفود کو ان کے گھر جانا چاہئے، یہ صرف مستونگ کے لوگ نہیں مرے ہمارے بھائی مرے ہیں، ہمارے بیٹے اور بیٹیاں شہید ہوئی ہیں، جو ایک انسان کو قتل کرے وہ خدا کی نگاہ میں تمام انسانوں کا قاتل ہے، 70 قتل ہوئے تو مطلب انسانیت ستر مرتبہ قتل ہوئی ہے ہم سب کو مل کر اس پر اسٹینڈ لینا ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ کانفرنس میں پیر صفدر گیلانی، رانا اشفاق احمد،محمد عبداللہ حمید گل، صاحبزادہ پیر خالد سلطان قادری، علامہ حسنین گردیزی، علامہ اقبال حسین بہشتی, سید اسد عباس تقوی، حسن عارف مرکزی صدر آئی ایس او، اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی میثم کاظم، خانم معصومہ نقوی، ملک اقرار حسین علوی، آغا ضیغم عباس، علامہ سید علی اکبر کاظمی و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔